ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین ہفتہ کو ایم کیوایم امریکہ کے تین روزہ سالانہ کنونشن سے انتہائی اہم خطاب کریں گے

ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین ہفتہ یکم اگست کی شب ایم کیوایم امریکہ کے تین روزہ سالانہ کنونشن سے انتہائی اہم خطاب کریں گے۔ اپنے اس خطاب میں جناب الطاف حسین پاکستان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں انتہائی اہم اور سنسنی خیز انکشافات کریں گے۔یہ سالانہ کنونشن امریکہ کے شہر ڈیلاس میں جمعہ سے شروع ہوگا جوتین روزتک جاری رہے گا۔ کنونشن میں امریکہ کی تمام ریاستوں کے یونٹوں کے ذمہ داران وکارکنان ،وہاں آباد پاکستانی عمائدین ،صحافی، قلمکار ،دانشوراورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔کنونشن کا موضوع ’’ نئے صوبوں کاقیام ۔۔۔ پاکستان کااستحکام ‘‘ ہے ۔ ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین کنونشن کے دوسرے روز یعنی ہفتہ یکم اگست کو لندن سے بذریعہ فون خطاب کریں گے۔ جناب الطاف حسین کایہ خطاب ڈیلاس کے مقامی وقت کے مطابق شام 4بجے اورلندن کے مقامی وقت کے مطابق ہفتہ کی رات 10بجے ہوگا۔ جبکہ پاکستان میں اس وقت رات کے 2بجے ہوں گے۔جناب الطاف حسین کایہ اہم خطاب ایم کیوایم کے ویب ٹی وی  پرپوری دنیامیں براہ راست دیکھاجاسکے گا ۔ دریں اثناء ایم کیوایم امریکہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی اورامریکہ کی تمام ریاستوں کے مقامی یونٹس کے ذمہ داران وکارکنان کنونشن کے انتظامات کے سلسلے میں رات دن مصروف ہیں اوراس حوالے سے ان میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آرہاہے۔